ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کی ’مہنگائی مکت بھارت ‘ مہم کا آغا، دہلی کے وجے چوک پر اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ملک گیر سطح پر کارکنوں کا احتجاج

کانگریس کی ’مہنگائی مکت بھارت ‘ مہم کا آغا، دہلی کے وجے چوک پر اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ ملک گیر سطح پر کارکنوں کا احتجاج

Fri, 01 Apr 2022 08:51:23    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے خلاف جمعرات کو ’مہنگائی مکت بھارت ‘ مہم شروع کی   اور حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل ہی وجے چوک پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ اسے  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر قابو پانے کے  لئے فوری طور پرسخت قدم اٹھانے چاہئے ۔ راہل گاندھی  نے بعد میں وجئے چوک پر دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا، جس میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے ساتھ  ہی پارٹی کے کئی اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ مظاہرین کئی ایل پی جی سلنڈر لے کر احتجاجی مقام پر پہنچے تھے اور اس دوران مسٹر گاندھی نے احتجاج کرتے ہوئے ایل پی جی سلنڈر کو ہار پہنایا۔

کانگریس کی خواتین ونگ اور اراکین نے پارلیمنٹ کے باہر پارلیمنٹ اسٹریٹ پر زبردست مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔خواتین مظاہرین  کےہاتھوں میں کانگریس کے جھنڈے ، گیس سلنڈر کے پوسٹر اور حکومت مخالف نعرے لکھے ہوئے پوسٹروں کے ساتھ مظاہرہ کر رہی تھیں ۔ مظاہرین کے غصے کے باعث پوری پارلیمنٹ سٹریٹ پر سیکوریٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے تھے ۔کئی مظاہرین خواتین نے زبردستی پارلیمنٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن بھاری رکاوٹوں اور سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے داخل  نہیں ہو سکیں۔ بعد میں ان میں سے کئی خواتین کو بسوں میں تھانے لے جایا گیا اور کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا۔

دریں اثناء کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج جنرل سیکریٹری  پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی قیمتوں میں اضافے کے سلسلے میں حکومت ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ انتخابات کے دوران   پیٹرول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتیں سے بڑھنا بند ہو جاتی ہیں لیکن  الیکشن ختم ہوتے ہی حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیتی ہے۔ بی جے پی حکومت کو عوام کو بتانا چاہئے کہ وہ کون سا طریقہ ہے جس سے الیکشن کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھتی ہیں اور اسی طریقہ کو اپنا کر عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے راحت دلانی چاہئے۔

مودی حکومت نے شہریوں  کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انتخابات میں عوام کا ووٹ بٹورنے کے لئے پٹرول، ڈیزل، گیس سلنڈر، پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) اور سی این جی کی قیمتیں ۱۳۷؍  دن تک مستحکم رکھنے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے سے ہر خاندان کا بجٹ تہس نہس کر دیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئے  دن  اضافہ اور گیس سلنڈر، پی این جی اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے نے ثابت کر دیا ہے کہ مودی سرکار ’’شہریوں کو لوٹو اور اپنی تجوریاں بھرو‘‘ کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ اسے روکنے کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی کے اس مہنگائی رتھ کو صرف کانگریس ہی روک سکتی ہے۔ 

بڑھتی مہنگائی کے خلاف ملک گیر مہم چلانے کے لئے کانگریس صدر نے جنرل سیکریٹریوں اور انچارجوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی جس میں طے پایا کہ کانگریس `مہنگائی سے پاک ہندوستان مہم  چلائے گی اور یہ تین مرحلوں پر مبنی ہوگی۔ پہلے مرحلے میں ۳۱؍  مارچ کو کانگریس کارکنان اور عوام اپنے گھروں کے باہر اور عوامی مقامات پر گیس سلنڈروں کو ہار پہنا کر اور ڈرم ،گھنٹی اور دیگر آلات بجا کر احتجاج کریں گے۔ اس کے بعد ضلع  سطح پر ’’مہنگائی سے پاک ہندوستان دھرنا اور مارچ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا اور پھر ۷؍ اپریل کو ریاستوں کے ہیڈ کوارٹر پر ریاستی سطح پر `مہنگائی سے پاک ہندوستان‘ دھرنا اور مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔

کانگریس کی مہم کا اثر کئی شہروں میں رہا ۔ دہلی کے علاوہ لکھنؤ، بھوپال ، حیدر آباد، بنگلور ، ممبئی ، ناگپور ، اورنگ آباد، پٹنہ ، جے پور ، چنڈی گڑھ ، جموں ، کولکاتا  اور دیگر شہروں میں کانگریس کارکنوں نے سڑک پر اترکر احتجاج کیا۔ اس سلسلے میںمدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کانگریس کی ’مہنگائی سے پاک ہندوستان‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر یہاں اس مہم کا آغاز کیا ۔ کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے گیس سلنڈروں کو ہار پہنا کر اس ریاست گیر مہم کا آغاز کیا۔اس موقع پر سابق مرکزی وزیر سریش پچوری، سابق وزیر پی سی شرما اور ایم ایل اے عارف مسعود بھی موجود تھے۔   دوسری طرف جموں میں کانگریس پارٹی کے لیڈروں اور ورکروں نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا۔


Share: